پاکستان میں محرم الحرام 1447ھ کا چاند نظر آگیا، یوم عاشور 6 جولائی کو ہوگا

پاکستان میں محرم الحرام 1447 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے بعد اسلامی سال کا آغاز جمعہ 27 جون 2025 سے ہوگا۔ یوم عاشورہ 10 محرم الحرام 1447ھ مطابق 6 جولائی بروز اتوار کو منایا جائے گا۔

محرم الحرام کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں سپارکو اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہوئے جنہوں نے فلکیاتی اور سائنسی شواہد کی بنیاد پر چاند کی رویت کی تصدیق میں معاونت فراہم کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ پاکستان بھر میں محرم الحرام کا چاند نظر آگیا ہے، لہٰذا ہجری سال 1447ھ کا پہلا دن جمعہ 27 جون 2025 کو ہوگا۔

اس اعلامیے کے مطابق:

9 محرم الحرام: ہفتہ، 5 جولائی 2025

10 محرم الحرام (یوم عاشور): اتوار، 6 جولائی 2025

محرم الحرام اسلامی کیلنڈر کا پہلا مہینہ ہے، جو تاریخ اسلام میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ خاص طور پر یوم عاشور کا دن نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی کربلا میں عظیم قربانی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔

وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی، امن و امان، اور جلوسوں و مجالس کے پرامن انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں۔ محرم کے دوران بین المذاہب ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضاء قائم رکھنے پر زور دیا جا رہا ہے۔

Comments are closed.