پاکستان کےخلاف سازش کا نام عمران خان ہے، مولانا فضل الرحمان
کہتا تھا اسلام آباد آئوں گا،پھر آئے کیوں نہیں؟، ایک گولی لگنے کے بعد ایسے بھاگا کہ اب گھر میں بھی بلٹ پروف شیشے لگوا دیئے ہیں، میرے اوپر تین خود کش حملے ہوئے لیکن آج بھی عوام کے سامنے کھڑا ہوں، داسو میں خطاب
کوہستان: حکمراں سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف سازش کا نام عمران خان ہے کہتا تھا اسلام آباد آؤں گا، پھرکیوں نہیں آئے؟
مولانا فضل الرحمان نے داسو میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا دعویٰ کیا گیا، ایک گولی لگنے کے بعد ایسے بھاگا کہ اب گھر میں بھی بلٹ پروف شیشے لگوا دیئے ہیں، میرے اوپر تین خود کش حملے ہوئے لیکن آج بھی عوام کے سامنے کھڑا ہوں۔انہوں نے سابق وزیراعظم پر کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ 2018 میں دھاندلی کے ذریعے جعلی حکومت مسلط کی گئی، انتقامی سیاست شروع کی گئی، مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا، انتقامی رویے کی وجہ سے پاکستان میں سیاسی اورمعاشی عدم استحکام پیدا کیا گیا۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ آپ کے خلاف سازش نہیں ہوئی، ہم نے آپ کو زبردستی اقتدار سے نکالا، آپ آزادی کے نام پر آوارگی چاہتے ہیں، ملکی معیشت کی بہتری کیلئے پی ٹی آئی حکومت کو ہٹانا ضروری تھا، پی ٹی آئی حکومت کو انتقام سے فرصت نہیں ملی اس لیے معیشت بیٹھ گئی۔پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں ہر طرف سے اسلام پر حملے ہو رہے ہیں، مغربی دنیا اسلام پر حملہ آور ہے، مسلمانوں کی قیادت دفاعی پوزیشن میں ہے، اسلام معاشی استحکام کا نظام ہے، جے یوآئی اسلامی تہذیب کو باقی رکھنےکی جنگ لڑرہی ہے۔
امیر جے یو آئی (ف) مولانا فضل الرحمان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پرتباک استقبال پر کوہستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں، طویل عرصے کے بعد داسو آیا ہوں، کوہستان کی تاریخ کا یہ سب سے بڑا اجتماع ہے، اس اجتماع میں کوہستان کے ہر قبیلے کا نمائندہ موجود ہے، داسو کے گھر گھر سے بچے بھی آئے ہوئے ہیں۔
Comments are closed.