قوم نے آہنی اتحاد سے دشمن کو شکست دی، محسن نقوی کا مرکز مصطفیٰ میں خطاب

گوجرانوالہ: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں قائم مرکز مصطفیٰ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ادارے کے مختلف سیکشنز کا جائزہ لیا اور مرکز مصطفیٰ کے سرپرست اعلیٰ، معروف مذہبی سکالر مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی سے ملاقات کی۔

محسن نقوی نے دینِ اسلام کی ترویج و اشاعت میں مرکز مصطفیٰ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نوجوانوں کی تربیت اور اخلاقی تعمیر میں نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے مرکز کے طلبہ کی نظم و ضبط اور مثبت کردار کی بھی تعریف کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم کندن بن کر نکلی ہے۔ دشمن کے مذموم عزائم کو مسلح افواج اور قوم نے باہمی اتحاد و یکجہتی سے خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی میزائلوں نے دشمن پر ہیبت طاری کی اور اس کی نام نہاد طاقت زمین بوس ہو گئی۔

محسن نقوی نے کہا کہ آج پوری قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن اب کسی بھی غلط مہم جوئی سے پہلے کئی بار سوچے گا۔

مولانا محمد رضا ثاقب مصطفائی نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پاکستانی قوم ایک دندان شکن جواب کی منتظر تھی جو ہماری دلیر افواج نے دیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے جس جرات اور حوصلے کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔

آخر میں مولانا ثاقب مصطفائی نے دعائے خیر کرائی اور ملک کی سالمیت، استحکام اور خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

Comments are closed.