اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان شیخ وقاص اکرم نے وفاقی دارالحکومت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں مبینہ دھاندلی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیالکوٹ کے عوام نے آج اپنے ووٹ کی طاقت سے آواز بلند کی، لیکن مسلم لیگ (ن) نے ایک بار پھر انتخابی عمل کو یرغمال بنایا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ آج ہونے والے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی کو واضح برتری حاصل تھی، جیسا کہ 8 فروری کو بھی یہی سیٹ پی ٹی آئی جیت چکی تھی، مگر اس وقت بھی دھاندلی کے ذریعے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے صبح سے بھرپور انداز میں پولنگ میں شرکت کی لیکن مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے غنڈہ گردی کی اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کو پولنگ سٹیشنز سے نکال دیا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پولیس کی سرپرستی میں ہر پولنگ سٹیشن پر زبردستی گھس کر ووٹ ڈالے گئے اور ہمارے پولنگ ایجنٹس کو نکالا گیا۔ خاص طور پر پولنگ سٹیشن نمبر 37 اور 10 پر سنگین بے ضابطگیاں ہوئیں، جہاں پرائزیڈنگ افسر نے خود پولنگ روکنے کا اعتراف کیا۔
شیخ وقاص نے کہا کہ آر او آفس کے باہر رات سے کنٹینر لگا کر عوام کو روکا گیا، جبکہ الیکشن کمیشن خاموش تماشائی بنا رہا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ چیف الیکشن کمشنر نے اب تک ان دھاندلیوں کے خلاف کیا کارروائی کی ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ جعلی حکمرانوں کی “قبولیت” کی حقیقت عوام کے سامنے آچکی ہے، اور سمبڑیال کے عوام نے ان کو آئینہ دکھا دیا ہے۔
تحریک انصاف کے ترجمان نے واضح کیا کہ ہم اب مینڈیٹ پر دوبارہ ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، اور جو ظلم آج کیا گیا، اس کے خلاف قانونی اور عوامی محاذ پر بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔
Comments are closed.