اسلام آباد ہائیکورٹ میں ججز کی سنیارٹی اور تبادلوں کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ کی سفارش پر جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا سینئر ترین جج قرار دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ جسٹس سرفراز ڈوگر اور دو دیگر ججز کے تبادلے کو بھی مستقل حیثیت دے دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ ہائیکورٹ ججز کی سنیارٹی کے تعین کا معاملہ سپریم کورٹ نے صدر مملکت کو بھیج دیا تھا، جس پر غور کے بعد صدر نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی ججز سنیارٹی لسٹ جاری کر دی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق:
جسٹس سرفراز ڈوگر سینیارٹی میں پہلے نمبر پر ہوں گے،
جسٹس محسن اختر کیانی دوسرے نمبر پر،
جبکہ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب تیسرے نمبر پر ہوں گے۔
صدر مملکت نے مزید فیصلہ کیا کہ جسٹس خادم حسین سومرو اور جسٹس محمد آصف کے تبادلے بھی مستقل قرار دیے جائیں۔ نئی سنیارٹی لسٹ میں جسٹس سومرو 9ویں، جبکہ جسٹس آصف 11ویں نمبر پر ہوں گے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے پانچ ججز نے سپریم کورٹ کے 19 جون کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، جس میں تبادلوں کو چیلنج کیا گیا تھا۔ تاہم سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ان درخواستوں کو مسترد کرتے ہوئے تبادلوں کو آئینی اور قانونی قرار دیا تھا۔
یہ پیشرفت اسلام آباد ہائی کورٹ کے انتظامی معاملات میں اہم موڑ ہے، جو آئندہ عدالتی فیصلوں اور بینچ تشکیل پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔
Comments are closed.