اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہوں اور مراعات میں ترمیم سے متعلق اہم آرڈیننس جاری کر دیا ہے، جس کے بعد وزراء کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ کر دیا گیا ہے۔
جاری کردہ آرڈیننس کے مطابق، وفاقی وزراء اور وزرائے مملکت کی تنخواہیں اب رکن قومی اسمبلی کے مساوی ہوں گی اور اس اضافے کا اطلاق یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔ نئی ترمیم کے تحت وفاقی وزیر کی تنخواہ 2 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے کر دی گئی ہے جبکہ وزیر مملکت کی تنخواہ 1 لاکھ 80 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ 19 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ اس طرح دونوں کی تنخواہوں میں تقریباً 188 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
یہ اضافہ وفاقی کابینہ کی جانب سے مارچ میں دی گئی منظوری کے بعد کیا گیا۔ اس کے علاوہ صدر نے قومی زرعی تجارت اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے قیام کا آرڈیننس بھی جاری کر دیا ہے، جس کا مقصد ملک میں زرعی تجارت اور خوراک کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
تنخواہوں میں اس نمایاں اضافے پر عوامی اور سیاسی حلقوں میں مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جہاں ایک طرف حکومتی موقف ہے کہ یہ قدم وزراء کی خدمات کے اعتراف میں کیا گیا، وہیں بعض ناقدین اس فیصلے کو معاشی مشکلات کے شکار عوام کے لیے سوالیہ نشان قرار دے رہے ہیں۔
Comments are closed.