وزیراعظم اور ترک صدر کا پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا اعادہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور سیاحت سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں پر مسرت کا اظہار کیا جو مشترکہ اقدار، تاریخ اور ثقافتی ہم آہنگی پر مبنی ہیں۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنمائوں نے عید الاضحی کے موقع پر ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور گرمجوشی اور خوشگوار گفتگو کی اور نیک خواہشات کا تبادلہ کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے خطے اور اس سے باہر امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے فلسطین کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ معصوم فلسطینیوں کے مصائب اورمشکلات کے خاتمے کے لئے امن کی کوششوں کو دوگنا کرے۔

دونوں رہنمائوں نے مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے اور ایک دوسرے کے بنیادی قومی مفادات کی حمایت کے لئے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماں کے درمیان گرمجوشی سے بات چیت پاکستان اور ترکی کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلقات اور آنے والے دنوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ثبوت ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ اعلی سطحی اسٹریٹجک مشاورتی کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کا ساتواں اجلاس بلایا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی ایک علیحدہ پوسٹ میں اپنے پیارے بھائی رجب طیب اردوان کو عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، باہمی احترام اور تعاون کے مضبوط رشتوں کو اجاگر کیا۔ہم ان تاریخی تعلقات کو باہمی فائدہ مند اسٹریٹجک شراکت داری میں مزید مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو جلد از جلد پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ پاکستان اور ترکی کی دوستی زندہ باد اور اپنے تمام ترک بھائیوں اور بہنوں کو عید کی مبارک باد۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.