وزیراعظم عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کیلئے سعودی عرب پہنچ گئے

 وزیر اعظم کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف 28 سے 29 اپریل 2024 تک منعقد ہونے والے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے بارے میں عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس دورے کی دعوت ولی عہد اور وزیراعظم سعودی عرب محمد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور ایگزیکٹو چیئرمین پروفیسر کلاؤس شواب نے دی تھی۔

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سمیت اعلیٰ سطح کا وفد بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہے،وزیر اعظم اور وزراء تجارت اور سرمایہ کاری کے اقدامات، سرمایہ کاری کے نئے فریم ورک، سپلائی چین کی تنظیم نو، پائیدار ترقی اور توانائی کے منظر نامے سے متعلق مسائل پر ڈبلیو ایم ایف کی بات چیت میں شرکت کریں گے۔

فورم میں اعلیٰ سطح کی شرکت خاص طور پر عالمی صحت کے ڈھانچے میں پاکستان کی ترجیحات، جامع ترقی، علاقائی تعاون کو زندہ کرنے اور ترقی اور توانائی کی کھپت کو فروغ دینے کے درمیان توازن قائم کرنے کی ضرورت کو پیش کرنے کا ایک اہم موقع فراہم کرے گی۔

تقریب کی سائڈ لائن پر وزیراعظم اور ان کا وفد عالمی رہنماؤں جن میں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور تقریب میں شریک دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.