غزہ میں جنگ بندی کے لیے امریکہ نے قرارداد سلامتی کونسل میں جمع کرا دی

امریکہ نے غزہ میں پانچ ماہ سے زائد عرصے سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک قرارداد جمع کرا دی ہے۔

امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے سعودی نشریاتی ادارے ‘الحدث’ کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ امریکہ نے غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی اور یرغمالوں کی رہائی سے متعلق ایک قرارداد سلامتی کونسل میں پیش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ “ہم پرامید ہیں کہ سلامتی کونسل کے ارکان اس قرارداد کی حمایت کریں گے۔”

اینٹنی بلنکن نے کہا،” میرے خیال میں اس سے ایک مضبوط پیغام جائے گا۔”

واضح رہے کہ امریکہ کے وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن غزہ جنگ کے معاملے پر بات چیت کے لیے مشرقِ وسطیٰ کے دورے پر ہیں جہاں وہ جمعرات کو مصر میں عرب ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں گے۔

اسرائیل-حماس جنگ کے شروع ہونے کے بعد سے امریکی وزیرِ خارجہ کا مشرقِ وسطیٰ کا یہ چھٹا دورہ ہے۔ بدھ کو سعودی عرب پہنچنے پر اینٹنی بلنکن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی تھی۔

سعودی میڈیا رپوٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان جدہ میں ہونے والی ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں پر بات چیت ہوئی ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

 

Comments are closed.