تحریکِ انصاف کے ترجمان رؤف حسن کہتے ہیں کہ امریکی کانگریس کی قرارداد سے ظاہر ہوتا ہے کہ پی ٹی آئی کا دھاندلی سے متعلق مؤقف درست ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پوری دنیا اس بات کو تسلیم کر رہی ہے کہ آٹھ فروری کو ہونے والے انتخابات ‘فراڈ’ تھے اور اس وقت ملک میں عملی طور پر ‘مارشل لا’ لگا ہوا ہے۔
اُن کے بقول امریکہ نے جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ امریکی کانگریس کی طرف سے منظور کی گئی قرارداد ایک بہت اہم معاملہ ہے۔
رؤف حسن کا کہنا تھا کہ حکومت سمجھ رہی تھی کہ امریکی حکومت ان کے ساتھ ہے۔ لیکن 368 ووٹوں کے ساتھ پاس ہونے والی اس قرارداد کے ساتھ سب کو پتہ چل گیا کہ ان کا ساتھ کوئی نہیں دے رہا۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور حکومت دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا مؤقف ہے کہ اگر کسی کو دھاندلی سے متعلق شکایات ہیں تو اس کے لیے عدالتیں اور متعلقہ پلیٹ فارمز موجود ہیں۔
Comments are closed.