عالمی بینک کا پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر کے کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم اور آرمی چیف کی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان کو معاشی میدان میں اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق عالمی بینک نے پاکستان کے ساتھ 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت 20 ارب ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

رقم کی تقسیم اور ترجیحات
اقتصادی امور ڈویژن کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس رقم کا تقریباً تین چوتھائی حصہ انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (IDA) کے ذریعے دیا جائے گا، جبکہ باقی رقم انٹرنیشنل بینک فار ری کنسٹرکشن اینڈ ڈویلپمنٹ (IBRD) کے تحت فراہم کی جائے گی۔

اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ اس فریم ورک کے تحت چھ اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی، جن میں بچوں میں غذائی کمی کا خاتمہ، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کی روک تھام، تعلیم کے معیار میں بہتری، اور عوام کو صاف پانی کی فراہمی شامل ہیں۔

اہم اہداف

ٹیکس ریونیو: جی ڈی پی کے 15 فیصد سے زائد تک ٹیکس ریونیو بڑھانے کا ہدف۔

قابل تجدید توانائی: 10 گیگاواٹ قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کا آغاز۔

تعلیم اور صحت: 12 ملین طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرنا اور 50 ملین افراد کو صحت کی سہولیات دینا۔

صاف پانی اور صفائی: 60 ملین افراد کو صاف پانی اور صفائی کی سہولیات کی فراہمی۔

خواتین کی صحت: 30 ملین خواتین تک مانع حمل سہولیات کی رسائی کو بہتر بنانا۔

قدرتی آفات سے تحفظ: سیلاب اور دیگر آفات سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمت عملی وضع کرنا۔

اقتصادی امور ڈویژن نے بیان کیا ہے کہ یہ شراکت داری پاکستان کے معاشی استحکام اور ترقی کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔

Comments are closed.