زمان پارک میں تربیت یافتہ دہشتگرد ہیں ، مریم نواز کا ریاست سے کارروائی کا مطالبہ

لاہور : مسلم لیگ ن چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ زمان پارک میں سیاسی کارکن نہیں بلکہ تربیت یافتہ دہشتگرد ہیں ، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہوجائے ریاست کارروائی کرے۔

مسلم لیگ ن کی سینئر رہنما مریم نواز نے اپنے ٹویٹ میں ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ان ویڈیوز کو قریب سے دیکھ کر،اس حقیقت کو نظر انداز کرنا مشکل ہے کہ یہ سیاسی کارکن نہیں ، وہ تربیت یافتہ دہشت گرد اور کالعدم تنظیموں سے بھرتی کیے گئے شرپسند ہیں جن کی عمران خان نے ہمیشہ حمایت کی ہے۔

مریم نواز نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ثبوت خود بولتا ہے، اس سے پہلے کہ بہت دیر ہو جائے ریاست کو کارروائی کرنی چاہیے۔

گزشتہ روز لاہور میں پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ زمان پارک پر آپریشن کیا، جس میں اسلحہ سمیت کئی ممنوعہ اشیاء برآمد ہوئیں، انتظامیہ نے اس دوران تجاوزات ہٹا دیں، جبکہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

Comments are closed.