مسلم لیگ (ن) کے رہنما مظفر شجرہ کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو مشکلات سے نکالنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک ناتجربہ کار شخص کو ملک کی ایٹمی طاقت کی چابیاں دی گئیں، جس کی بدانتظامی سے ملک دلدل میں پھنس گیا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دو سال کی محنت کے بعد دنیا بھر میں پاکستان کی معاشی بحالی کے چرچے ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح کم ہو کر 1.9 فیصد پر آ چکی ہے اور اوورسیز پاکستانیوں نے 30 فیصد زیادہ ترسیلات بھیج کر معیشت کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ “اڑان پاکستان” منصوبے کے ذریعے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے اور نوجوانوں کو تعلیم و ہنر سے آراستہ کیا جائے گا۔
احسن اقبال نے تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی پاکستان مخالف لابیز کی مددگار بنی ہوئی ہے اور بین الاقوامی سطح پر اسرائیل اور بھارت کو فائدہ پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں سازش ہوئی جس کے کردار آج بے نقاب ہو چکے ہیں اور اپنی ناکامیوں کے باعث منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔
Comments are closed.