پی ٹی آئی پر آئی ایم ایف معاہدوں کے الزامات لگانے والے خود 3 سال میں 4 معاہدے کر چکے ہیں:شیخ وقاص اکرم

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر آئی ایم ایف معاہدوں کے الزامات لگانے والے خود تین سال میں چار معاہدے کر چکے ہیں۔

صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ حکومت بار بار پی ٹی آئی پر معیشت کو نقصان پہنچانے کے الزامات لگا رہی ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے خود معیشت کو بارودی سرنگوں پر کھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی پر آئی ایم ایف کی ڈیل کے حوالے سے الزام عائد کیا، مگر حقیقت یہ ہے کہ پی ڈی ایم ون اور پی ڈی ایم ٹو بتائے کہ انہوں نے کون سی ڈیل ختم کی؟ اگر پی ٹی آئی کی پالیسیاں غلط تھیں تو موجودہ حکومت نے انہیں ختم کیوں نہیں کیا؟

پاکستان کی معاشی صورتحال بدترین ہو گئی – مزمل اسلم

اس موقع پر صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت شدید بحران کا شکار ہے۔

انہوں نے کہا کہ “اگر جیب میں پیسے ہوں تو مہنگائی کا اثر کم محسوس ہوتا ہے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ گزشتہ دو سالوں میں ہر چیز کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ زراعت کی گروتھ منفی ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں مہنگائی آسمان پر پہنچ چکی ہے۔

مزمل اسلم نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کے دور میں صنعتی ترقی ڈبل ڈیجٹ میں جا رہی تھی، لیکن اس کے بعد ہر سال معیشت زوال کا شکار رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ “2025 میں غربت کی شرح 40.5 فیصد تک جا پہنچی ہے، بیروزگاری 2.6 فیصد سے بڑھ کر 6 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے، اور ملک کی نصف سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے جا چکی ہے۔”

مزمل اسلم نے کہا کہ عوام بدترین مہنگائی اور معاشی بحران کے باعث بیرون ملک جانے پر مجبور ہو گئے ہیں، جبکہ ملکی معیشت کو درست کرنے کے دعوے دار خود عوام کو گاڑیاں بیچنے اور بنیادی ضروریات پوری نہ کر سکنے پر مجبور کر چکے ہیں۔

Comments are closed.