کوئٹہ: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں جاری پراکسی جنگ کو بے نقاب کرتے ہوئے اسے کھلی دہشتگردی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ نہ صرف ہماری قوم، بلکہ ترقی اور امن کے خلاف بھی ایک خطرناک سازش ہے۔
کوئٹہ میں ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے واضح کیا کہ جو بھی دشمن پاکستان کی خود مختاری کو چیلنج کرے گا، اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج قوم اور خصوصاً بہادر بلوچ عوام کی غیر متزلزل حمایت سے ہر دشمن، خواہ وہ اندرونی ہو یا بیرونی، کو کچلنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل نے بتایا کہ بھارت کی مداخلت کے واضح اور ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں اور دشمن کے ناپاک عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہر قسم کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اور بلوچستان کے امن پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے بلوچستان کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا استحکام اور خوشحالی بلوچستان کے امن و ترقی سے جڑے ہوئے ہیں۔
دورہ کوئٹہ کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں اور بہادری کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔
Comments are closed.