لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب اسمبلی میں اپنے پُراثر خطاب میں سیاسی مخالفین پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ ماضی میں نواز شریف کو سیاست سے مائنس کرنے کی بات کرتے تھے، آج وہ خود مائنس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مائنس کسی نے نہیں کیا، بلکہ ان کی اپنی ناقص کارکردگی نے انہیں عوام کی نظروں سے گرا دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب ہم نہیں کہہ رہے، بلکہ تحریک انصاف کے بانی کی بہن علیمہ خان خود اعتراف کر چکی ہیں کہ بانی مائنس ہو چکے ہیں۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ “آج ان کی اپنی بہنیں مائنس کی بات کر رہی ہیں۔”
جنوبی پنجاب پر عملی اقدامات
وزیراعلیٰ نے جنوبی پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں اس خطے کے نام پر صرف وعدے اور سیاسی کھیل کھیلا گیا، حکومتیں بنیں اور گریں، لیکن ہم نے محض اعلانات نہیں کیے بلکہ عملی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہفتے سے جنوبی پنجاب میں پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے۔
اپوزیشن پر تنقید، اظہار برداشت
خطاب کے دوران اپوزیشن ارکان کی جانب سے شور شرابے پر مریم نواز نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ “اپوزیشن کو لگے رہنے دیں، میں ان کے جمہوری حق کو تسلیم کرتی ہوں۔”
بجٹ اور معاشی اصلاحات
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے تاریخ کا سب سے منظم اور ٹیکس فری بجٹ پیش کیا ہے جس کی مالیت 5335 ارب روپے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کا 30 سال پرانا ڈومیسٹک قرضہ تقریباً ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے ٹیکس لگانے کے بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کیا گیا، جس سے ریونیو میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے بجٹ بنانے پر وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان اور سیکرٹری خزانہ مجاہد شیر دل کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ یہ بجٹ نواز شریف کے ویژن کے مطابق بنایا گیا ہے۔
فلاحی منصوبے اور یکساں ترقی
مریم نواز نے کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کی بلا تفریق خدمت جاری ہے۔ ہر شہری کو اقلیتی کارڈ اور کسان کارڈ دیا گیا ہے، اور ہر منصوبے میں پنجاب کے تمام علاقوں کا برابر حصہ ہے، چاہے وہ لاہور ہو یا بھکر، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان یا رحیم یار خان۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری اخراجات میں صرف 3 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس میں تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ شامل ہے۔ مائنز اینڈ منرلز کے شعبے میں 30 ارب روپے کی بچت ہوئی ہے، جو ایک انقلابی قدم ہے۔
قومی و عالمی امور پر اظہار خیال
انہوں نے بھارت کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پر مبارکباد دی اور افواج پاکستان و وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ مریم نواز نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔
Comments are closed.