بارسلونا: سپین میں پاکستانی سفارت خانے اور قونصل خانے نے بارسلونیتا آتشزدگی کے باعث جاں بحق تین پاکستانیوں کے رشتہ داروں کو بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔ متاثرہ پاکستانیوں نے پاکستانی سفیر، قونصلرجنرل اور سفارتی عملے کے نامناسب رویئے اورمبینہ طور پر گالیاں دیے جانے کیخلاف احتجاج کیا۔
واضح رہے کہ 14 اگست کو علی الصبح بارسلونا کے علاقے بارسلونیتا کے ایک چھوٹے سے مکان میں آتشزدگی کے باعث تین پاکستانی جاں بحق جب چار زخمی ہو گئے تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
متاثرہ افراد کے بارسلونا میں موجود رشتے داروں نے درجنوں پاکستانیوں کے ہمراہ متاثرہ گھر کے باہر پاکستانی سفیر اور قونصل جنرل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، جاں بحق افراد کے رشتے دار کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے سانحے کو ہوئے ایک ہفتہ گزر گیا ہے لیکن تاحال پاکستانی سفارت خانے یا قونصل خانے کی جانب سے رابطہ تک نہیں کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیر اور قونصلر جنرل میڈیا پر بیٹھ کر صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہے ہیں، سفارتی مشن کی جانب سے تاحال کوئی امداد یا تعاون نہیں کیا گیا، اپنے بھائیوں کی میتیں لینے کیلئے نادرا سے شہریت کی تصدیق چاہیے جس کے لئے ہمیں کہا جا رہا ہے کہ ای میل بھجوائی ہوئی ہے، جب پاکستان میں رابطہ کرتے ہیں تو ان کا جواب ہوتا ہے کہ ای میل نہیں ملی۔
متاثرہ افراد کا کہنا تھا کہ انہوں نے قونصل جنرل سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون اٹھایا نہ ہی واٹس ایپ پر بھیجے پیغامات کا جواب دیا، ٹیکسی سیکٹر سے وابستہ ایک پاکستانی دوست کے ذریعے ان سے رابطہ ہوا تو انہوں نے قونصل خانے میں تعینات آمنہ نامی خاتون سے رابطے کا کہا۔لیکن قونصل خانہ کے عملے نے ان سے توہین آمخز سلوک کیا۔
متاثرہ پاکستانیوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے فوری طور پر نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
پاکستانی سفارتخانہ میڈرڈ نے نیوز ڈپلومیسی کو موقف دیتے ہوئے بتایا کہ تینوں جاں بحق افراد کی میتیں جلد پاکستان بھجوانے کے لئے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔اس حوالے سے ضروری دستاویزات پولیس اور عدالت کو فراہم کر دی گئی ہیں، پاکستانی سفارتخانہ نے وزارت داخلہ اورنادرا آفس کو فنگرپرنٹس کی تصدیق کے لئے بھیجی جاچکی ہیں۔میڈرڈ سفارتخانہ میں تعینات ہیڈ آف چانسری دانش محمود آج متاثرہ خاندان سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب اسپتال میں زیر علاج قونصل جنرل عمران چوہدری کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے باعث جاں بحق پاکستانی ان کے بچوں کی طرح تھے، پوری کوشش ہے کہ ڈیڈ باڈیز جلد از جلد پاکستان بھجوائی جائیں۔ سفارخانہ کی جانب سے دانش محمود متاثرین سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیماری اور اسپتال میں زیر علاج ہونے کے باوجود لوکل اتھارٹیز سے فون پر بات کی ہے۔
واضع رہے قونصل جنرل بارسلونا عمران علی چوہدری بیمار ہیں اور کئی روز سے ہسپتال داخل ہیں۔
Comments are closed.