تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کی جانب سے احتجاجی ریلی کے اعلان کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کے داخلی و خارجی راستے مختلف مقامات سے بند کر دیے گئے ہیں۔ لاہور سے اسلام آباد تک موٹر وے اور جی ٹی روڈ جزوی طور پر بند ہیں، جبکہ لاہور میں اورنج لائن ٹرین سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔
سکولوں اور یونیورسٹیوں میں قبل از وقت چھٹی
لاہور میں حالات کشیدہ ہونے کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں صبح 11 بجے چھٹی دے دی گئی۔ پنجاب یونیورسٹی میں بھی تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دی گئیں اور ایل ایل بی کے امتحانات ملتوی کر دیے گئے ہیں، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ٹریفک نظام مفلوج، موٹر وے اور جی ٹی روڈ بند
لاہور سے اسلام آباد موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہے۔ بابوصابو، ٹھوکر نیاز بیگ اور اسلام آباد کے داخلی راستوں پر انٹری بند کر دی گئی۔ جی ٹی روڈ پر بھی لاہور، مریدکے، گجرات، جہلم اور چکوال سمیت مختلف مقامات پر کنٹینرز لگا کر ٹریفک روک دی گئی ہے، جس سے بین الاضلاعی سفر کرنے والے شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
انٹرنیٹ اور موبائل سروس معطل، دفعہ 144 نافذ
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں دس روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت عوامی مقامات پر چار یا زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی منظوری کے بعد جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت تک معطل کر دی گئی ہے۔ پی ٹی اے کو جاری مراسلے کے مطابق سروس گزشتہ رات 12 بجے سے بند ہے۔
شہریوں کو مشکلات اور سفر میں رکاوٹیں
گوجرانوالہ، چناب نگر، لالہ موسیٰ، کھاریاں، سرائے عالمگیر اور عزیز چوک میں ٹریفک مکمل طور پر معطل ہے۔ شہریوں کو نہ صرف سفری دشواریوں بلکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند ہونے کے باعث رابطے میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
Comments are closed.