راولپنڈی تحریک لبیک ریلی: پولیس اور ریلی کے شرکاء کے درمیان جھڑپیں

راولپنڈی۔ تحریک لبیک کی جانب سےفرانس میں پیغمبرِ اسلام کے خاکوں کی اشاعت کے خلاف مظاہرہ جاری ہے۔احتجاجی ریلی کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد کے محتلف علاقوں میں موبائیل سروس آج صبح سے بند کردی گئی ہے جبکہ راولپنڈی کی انتظامیہ نے لیاقت باغ سے فیض آباد کی طرف جانے والی مری روڑ کو مختلف جگہوں سے کنٹینرز لگا کر بند کردیا ہے۔

اسلام آباد ایکسپریس وے پر بدترین ٹریفک جام ہے، روات سے فیض آباد تک ہزاروں گاڑیاں پھنس کر رہ گئیں۔ڈی ایچ اے، بحریہ، پولیس فاونڈیشن، پی ڈبلیو ڈی کی جانب سے اسلام آباد آنے والے تمام راستے بند ہوگئےہیں۔ ٹریفک میں بندش کے باعث مسافر شدید پریشانی کا شکار ہیں۔

اسلام آباد پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے اور خاص طور پر ڈپلومیٹک انکلیو کی طرف جانے والے راستے سیل کردیے گئے ہیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ اس علاقے میں پولیس کے علاوہ رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔

راولپنڈی پولیس اور تحریک لیبک کے کارکنان کے درمیان شدید پتھراؤ کے باعث راولپنڈی لیاقت باغ کے قریب مری روڈ میدان جنگ بن گیا۔ پتھراو کے باعث پولیس کی جانب سے تحریک لبیک کے کارکنان پر شیلنگ کی گئی جبکہ کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیاگیا۔

Comments are closed.