لاہور: وزیراعظم شہباز شریف کے یومِ تشکر منانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ “اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملایا گیا۔ آج کا دن صرف شکرگزاری کا نہیں بلکہ غیرت، جرأت اور قومی وحدت کی فتح کا دن ہے۔”
انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایک باصلاحیت، پروفیشنل اور بہادر ادارہ ہے جس نے بھارتی جارحیت کا جواب صرف گولی سے نہیں بلکہ حکمت عملی سے دیا۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ “شاہینوں نے دشمن کے طیارے گرا کر دنیا کو پیغام دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔ دنیا نے جان لیا ہے کہ پاکستان اپنے دفاع میں ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔”
وزیراعلیٰ پنجاب نے ان جوانوں کو سلیوٹ پیش کیا جنہوں نے دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دنیا کو بتایا کہ پاکستان پرامن ضرور ہے مگر کمزور یا بزدل ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ “پاکستان کی قیادت مخلص ہے، قوم متحد ہے اور افواج پاکستان ناقابل شکست ہیں۔ ہم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔”
مزید برآں مریم نواز نے نوجوانوں کے لیے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر اور ٹیکنالوجی سے لیس کریں گے اور ایسا پاکستان بنائیں گے جسے کوئی دشمن میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرأت نہ کر سکے گا۔”
Comments are closed.