مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ عید کے دنوں میں تاجر برادری کو میں 80 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، مزید کسی قسم کا لاک ڈاون برداشت نہیں کریں گے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ قبلہ اول ہمارے ایمان کا حصہ ہے، مسجد اقصی کے تحفظ کے لئے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، آئندہ ہفتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا ہفتہ منائیں گے، اس کے ساتھ ملک بھر کی تاجر برادری اسرائیلی مظالم کے خلاف 21 مئی کو یوم احتجاج کے طور پر منائے گی۔
کاشف چوہدری کا کہنا تھا کہ اسرائیلی مظالم کیخلاف آئندہ ہفتے میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے، او آئی سی سے توقع تھی کہ مسلم ممالک کی فوج کوفلسطین بھجوانے کا اعلان ہوگا، ہمیں عملی اقدامات کی طرف جانا ہوگا، امہ مسلمہ ایک پلیٹ فارم پر نہ آئی تو اسی طرح برباد ہوتے رہیں گے، انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے اعلان نہ کیا تو ہم شہادت تک جائیں گے، کیونکہ مسلم امہ کے لیے کردار اداکرنے کا وقت ہے۔جب تک بیت القدس آزاد نہیں ہوگا سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔
مرکزی تنظیم تاجران کے پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر کے تاجر اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں، مارکیٹ میں اسرائیل کی مصنوعات کا متبادل لایاجائے، لاک ڈاون کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں،کورونا کیسز میں کمی کے بعد ان ڈور آوٹ ڈور سرگرمیاں بحال کی جائیں۔ تاجر برادری کو عید کے دنوں میں 80 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا، تاجر اب مزید کسی لاک ڈاون کو برداشت نہیں کرے گا۔
Comments are closed.