ٹرمپ نے روس، یوکرین جنگ 24 گھنٹے میں ختم کرانے کی حکمت عملی بتا دی

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ دوبارہ صدرمنتخب ہو کر روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ 24 گھنٹوں میں ختم کرا سکتے ہیں۔

دوسری مرتبہ امریکی صدر بننے کے خواہش مند ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے بڑا دعویٰ سامنے آیا ہے، امریکی ٹی وی چینل فوکس نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں ان کا کہنا ہے کہ دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد 24 گھنٹے کے اندر وہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری تنازعہ اور جنگ ختم کرا سکتے ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے روسی اور یوکرینی صدور کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، موجودہ امریکی صدر پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بائیڈن میں صلاحیت ہی نہیں کہ عالمی رہنماؤں کو کیسے ساتھ لے کر چلنا ہے۔

”فرانسیسی صدر میکرون، روسی صدر پیوٹن سمیت دیگر عالمی لوگ نہایت چالاک، مضبوط اعصاب کے مالک اور عموماٍ شاطر ہیں اور شاطرانہ عالمی بساط کے یہ سرفہرست کے کھلاڑی ہیں، لیکن ہمارے صدر کو کچھ علم نہیں کہ کیا ہو رہا ہے، اس وقت امریکا اپنی تاریخ کے خطرناک ترین دور سے گزر رہا ہے۔”

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ یوکرینی صدر زیلینسکی اور روسی صدر پیوٹن کو بہت اچھی طرح جانتے اور ان کے ساتھ بہت اچھے تعلقات ہیں

” میں یوکرینی صدر کو کہوں گا کہ بس مزید نہیں اور اسے معاہدہ کرنا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ روسی صدر پر واضح کروں گا کہ اگر انہوں نے امن معاہدہ نہ کیا تو ہم (امریکہ) یوکرین کو وہ سب کچھ دینے جا رہے ہیں جو آج تک نہیں دیا اور اس طرح ایک دن میں جنگ ختم کرنے کا معاہدہ کرائوں گا۔”

Comments are closed.