ٹرمپ کا انکشاف: ہم نے بھارت اور پاکستان کو ایٹمی جنگ سے روکا، دنیا مشکل دور سے گزر رہی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا ہے کہ بھارت اور پاکستان ایٹمی جنگ کے دہانے پر پہنچ چکے تھے، تاہم امریکہ نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے دونوں ممالک کو امن کی راہ پر قائل کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک نہایت مشکل دور سے گزر رہی ہے اور عالمی استحکام کے لیے امریکہ اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

ٹرمپ نے یہ بات سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل صدارتی طیارے میں “فوکس نیوز” سے گفتگو کے دوران کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ “ہم ایٹمی جنگ کے دہانے سے دنیا کو واپس لائے ہیں، اور ہماری کوششوں کے نتیجے میں بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی میں واضح کمی آئی ہے۔”

علاوہ ازیں، امریکی صدر نے بتایا کہ حوثی باغیوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں کے بعد انہوں نے امریکی بحری جہازوں پر حملے بند کرنے کا وعدہ کیا ہے، جو مشرق وسطیٰ میں امریکہ کی ایک بڑی سفارتی و عسکری کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔

صدر ٹرمپ نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدے پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اور چین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ ابتدائی طور پر 90 دن کے لیے ہے، تاکہ اس دوران تمام نکات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چین نے امریکی کمپنیوں کو اپنی منڈیوں تک رسائی دینے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جو دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔

Comments are closed.