امریکہ کی حکومت نے ترکی کو 40 نئے ایف سولہ لڑاکا طیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ امریکہ کا یہ فیصلہ رواں ہفتے ترکی کی جانب سے سویڈن کی مغربی عسکری اتحاد نیٹو میں رکنیت کی توثیق کے بعد سامنے آیا ہے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے کانگریس کو ترکیہ کے لیے 23 بلین ڈالر کی F-16 کی فروخت کی منظوری کے فیصلے سے مطلع کر دیا ہے۔توقع ہے کہ امریکی کانگریس جلد ہی صدر جو بائیڈن حکومت کے اس فیصلے کی منظوری دے دے گی۔ اگر کانگریس کی جانب سے ترکیہ کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت پر دو ہفتوں کے اندر کوئی اعتراض نہیں آتا تو اس فیصلے کو حتمی طور پر قابلِ عمل سمجھا جائے گا۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے ترکی کے ساتھ ہی یونان کو جدید ایف پینتیس جنگی طیاروں کی 8.6 بلین ڈالر فروخت کے فیصلے کا بھی اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ترکیہ نے اکتوبر 2021 میں امریکہ سے جیٹ طیاروں کی خریداری کی درخواست کی تھی۔ لیکن انقرہ کی طرف سے سویڈن کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری میں تاخیر امریکی فروخت کے لیے کانگریس کی منظوری حاصل کرنے کی راہ میں ایک بڑی رکاوٹ تھی۔
Comments are closed.