پاکستان نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی ایک اور شرط پوری کردی، پاکستان میں 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز جائیدادوں کی خریدوفروخت میں مشکوک سرمائے کی معلومات فراہم کریں گے۔
ملک بھر سے 22 ہزار پراپرٹی ڈیلرز فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ رجسٹرڈ ہو گئے ہیں، ان پراپرٹی ڈیلرز کو باقاعدہ تربیت فراہم کی جائے گی جس کے بعد یہ رجسٹرڈ ڈیلرز پراپرٹی میں چھپے کالے دھن، مشکوک سرمائے اور مشکوک سرمایہ کار کا پتہ چلانے میں مدد کریں گے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے پہلے مرحلے میں ملک کے 22 پراپرٹی ڈیلرز کو 66 ہزار نوٹسز بھیجے، ہر پراپرٹی ڈیلرز کو رجسٹریشن کے لیے فی کس 3 نوٹسز بھیجے گئے اور پھر انہیں رجسٹرڈ کرتے ہوئے خود کار نظام سے منسلک کردیا ہے۔ یہ خود کارنظام فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گائیڈ لائن پر بنایا ہے۔
ایف بی آر کے خودکار نظام سے منسلک رجسٹرڈ پراپرٹی ڈیلرز جائیدادوں کی خرید و فروخت میں مشکوک سرمائے اور سرمایہ کار کی تفصیلات دیں گے، تاہم مشکوک سرمایہ کار کے خلاف کارروائی کا اختیار صرف ایف بی آر کو ہوگا، ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کو نہیں۔
Comments are closed.