برطانیہ کے لئےنئی مشکل،جنوبی افریقا سے وائرس کی مزید خطرناک قسم انگلینڈ پہنچ گئی 

لندن۔ برطانوی وزیر صحت میٹ ہین کاک نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جنوبی افریقا سے کورونا وائرس کی ایک اور مزید خطرناک قسم برطانیہ میں داخل ہوچکی ہے۔انہوں نے بتایا کہ جنوبی افریقا سے آنے والے کورونا کے اس نئے وائرس کو 501.V2 کا نام دیا گیا ہے اور یہ حالیہ دنوں میں جنوبی افریقا سے واپس آنے والے دو افراد میں پایا گیا ہے۔

انھوں نے کہاکہ برطانیہ کے علاقے کینٹ میں ستمبر کے مہینے میں جو کورونا وائرس کی جینیاتی طور پر تبدیل شدہ قسم سامنے آئی تھی جنوبی افریقی وائرس اس سے بھی زیادہ تیزی سے پھیلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ بات برطانیہ کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے لہٰذا فوری طور پر جنوبی افریقا سے آمد و رفت پر مکمل پابندی لگادی گئی ہے،گزشتہ 14 روز میں جو لوگ جنوبی افریقا سے آئے ہیں ان سے اپیل ہے کہ وہ قرنطینہ ہوجائیں۔

کورونا وائرس کی نئی قسم نے برطانیہ میں مریضوں کی یومیہ تعداد کو  تقریباً دگنا کردیا ہے جبکہ اموات میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ میں کورونا وائرس سے مزید 744 افراد ہلاک ہوئے جو اپریل کے بعد سے ایک ہی روز میں ہلاک ہونے والے افراد کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

برطانیہ میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے ریکارڈ 39 ہزار 237 نئے کیسز بھی سامنے آئے جو وبا سامنے آنے کے بعد سے ایک دن میں مریضوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔۔برطانیہ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69 ہزار 51 ہو گئی ہے۔

Comments are closed.