سری نگر: غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں سات روز سے جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران بھارتی فوج کے ایک افسر سمیت مزید دو فوجی ہلاک ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے پیر کو وادی کے ضلع پونچھ میں مینڈھر، سرنکوٹ اور دیگر علاقوں میں بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی تھیں۔
قابض حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ فوجی کمانڈوز کو علاقے میں بھیجاگیا ہے جبکہ فوجی آپریشن میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پیر کے روز سرنکوٹ میں ایک حملے میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) سمیت پانچ بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے جبکہ جمعرات کی شام مینڈھر میں ایک اور حملے میں دو فوجی ہلاک ہوگئے۔
جموں میں بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان لیفٹننٹ کرنل دیویندر آنند نے صحافیوں کو بتایا کہ آج مینڈھر کے علاقے سے مزید دو فوجیوں صوبیدار اجے سنگھ اورنائیک ہریندر سنگھ کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جس سے علاقے میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 9ہوگئی ہے جن میں دو جے سی اوز بھی شامل ہیں۔
Comments are closed.