اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ “اُڑان پاکستان” نہ صرف ملکی ترقی کا ایک بڑا منصوبہ ہے بلکہ یہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا ایک سنجیدہ اقدام بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کو ماہرین کی مشاورت سے کئی ماہ کی محنت کے بعد حتمی شکل دی گئی ہے۔
وزیراعظم سمر سکالرز کے لیے منتخب ہونے والے طلبہ کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے، جہاں انہوں نے نوجوانوں کو “سپرسٹارز کی کہکشاں” قرار دیا اور کہا کہ یہ وہ باصلاحیت طلبہ ہیں جو پاکستان کی نامور جامعات سے منتخب ہوکر اس پروگرام میں شامل ہوئے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پروگرام میں ملک کے تمام علاقوں کی نمائندگی شامل ہے، اور نوجوانوں سے حاصل ہونے والا فیڈبیک حکومت کو پالیسی سازی اور نظام کی بہتری میں مدد دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، اور ان پر سرمایہ کاری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل ترین حالات میں حکومت سنبھالی، 2023 میں ڈیفالٹ کا خطرہ منڈلا رہا تھا، لیکن حکومت نے مؤثر فیصلوں کے ذریعے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ آئی ایم ایف کے ساتھ کامیاب مذاکرات اور اصلاحاتی اقدامات کے ذریعے معیشت کو سنبھالا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی آئی ہے اور اس وقت یہ 11 فیصد تک آ گیا ہے، جو کاروباری طبقے اور سرمایہ کاری کے لیے مثبت اشارہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں بھی اصلاحات کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کارکردگی پر مبنی نظام کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور جو افسران اور ادارے کارکردگی دکھائیں گے وہی حکومت کا فخر ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم ورک، عوامی خدمت، اور خلوص نیت کے ساتھ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی سرمایہ قرار دیا اور کہا کہ ان کی ترقی پر سرمایہ کاری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا: “اگر ہم ناکام ہوئے تو عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے، مگر اگر عوامی خدمت خلوص نیت سے کی جائے تو سر فخر سے بلند ہوگا۔”
عالمی امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ 2022 کے تباہ کن سیلاب نے پاکستان کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں، اور ہم نے غیرجانبدارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، جس کا بھارت نے کوئی جواب نہیں دیا۔
وزیراعظم نے بھارت پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں بہاولپور سمیت مختلف علاقوں میں نہتے پاکستانی شہری شہید اور زخمی ہوئے۔ پاکستان نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے بھارتی حملوں کا منہ توڑ جواب دیا، اور 6 بھارتی طیارے مار گرائے۔
شہباز شریف نے مزید بتایا کہ بھارت نے 9 اور 10 مئی کی رات دوبارہ حملہ کیا، جس پر پاکستان نے 10 مئی کی صبح بھرپور کارروائی کے ذریعے دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وطن عزیز کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
Comments are closed.