برطانیہ کی نئی سفری پابندیاں۔۔۔ پاکستان بھی ریڈ لسٹ میں شامل

کورونا کی تیسری لہر میں شدت آنے کے بعد برطانیہ نے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

عالمی وباء کی بگڑتی ہوئی صورتحال، کیسز اور اموات میں اضافے کے بعد برطانوی حکومت نے پاکستان پر سفری پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا، برطانیہ کی نئی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق پاکستان کو کورونا وباء سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست (ریڈ لسٹ) میں شامل کر لیا گیا ہے۔

کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، فلپائن اور کینیا کو بھی ریڈ لسٹ میں شامل کیا گیا ہے، ان ممالک سے برطانیہ کے سفر پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے صرف برطانوی شہریت یا برطانیہ میں مستقل شہریت رکھنے والے افراد کو سفر کی اجازت ہوگی۔

پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر کرسچین ٹرنر نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سفری پابندیوں سے متعلق بتایا کہ پاکستان میں کورونا وباء کی صورتحال اور اس کی روک تھام کے لئے اقدامات کو دیکھتے ہوئے برطانیہ نے پاکستان کو سفری پابندیوں کی ریڈ لسٹ میں شامل کیا ہے، پاکستان اور برطانیہ کے درمیان براہ راست فلائٹ آپریشن بحال رہے گا تاہم پروازوں کا شیڈول متاثر ہو سکتا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان سے برطانیہ جانے کے لئے وہاں پہنچ کر 10 روز کا ہوٹل قرنطینہ لازمی قرار دیا گیا، سفری پابندیوں کا اطلاق 9 اپریل سے صبح 4 بجے سے ہو گا، برطانیہ کے لیے سفر کرنے والے پہلے فلائٹ کے بارے میں معلومات حاصل کر لیں۔

Comments are closed.