اسلام آباد: برطانیہ نے کورونا وباء کی صورت حال میں بہتری کے بعد پاکستان پر عائد سفری پابندی ختم کرتے ہوئے اسے ریڈلسٹ سے نکالنے کا اعلان کر دیا۔
پاکستان کو سفری پابندیوں کے حوالے سے برطانیہ کی ریڈ لسٹ سے نکالنے کا اعلان پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان کوریڈ لسٹ سے نکال دیا گیا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن نے اس حوالے سے سفری پابندیوں کی تفصیلات پر مبنی اپنی حکومت کا ایک لنک بھی شیئر کیا جس میں پاکستان سمیت دیگر کئی ممالک پر عائد سفری پابندی ختم کرنے سے متعلق بتایا گیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد اب کورونا ویکسی نیشن کروانے والے پاکستانیوں کو برطانیہ میں قرنطینہ نہیں کرنا پڑے گا جب کہ اس سے قبل برطانیہ جانے والے پاکستانیوں کو 10 روز تک قرنطینہ کرنا پڑتا تھا جس کا خرچہ بھی وہ خود برداشت کرتے تھے جو پاکستانی روپے میں سوا پانچ لاکھ بنتے تھے۔
دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے برطانوی حکومت کے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دوشنبے سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ابھی جو اطلاع موصول ہوئی ہے وہ انتہائی باعث مسرت ہے، تمام پاکستانیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، ممنون ہوں کہ انہوں (برطانیہ) نے اپنے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکال دیا ہے۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بہت سے پاکستانی جنہوں نے ریڈ لسٹ کی وجہ سے معاشی اور ذہنی تکالیف برداشت کیں ان کے لیے یہ ایک بہت اچھی خبر ہے، مجھے خوشی ہے کہ آج ہماری کاوشیں رنگ لے آئیں اور پاکستان کو ریڈ لسٹ سے نکالنے کی اطلاع موصول ہوئی۔جب برطانوی وزیرخارجہ ڈومینک راب پاکستان تشریف لائے تو اس معاملے پر ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی اور انہیں اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کا کہا اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔
Comments are closed.