انتونیوگوتریس کا ایمبیسڈر منیر اکرم سے رابطہ، پشاوردہشتگردی پراظہار افسوس

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور تہذیبوں کے اتحاد سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلیٰ نمائندے نے پاکستان کے شہر پشاور میں ہونے والی دہشت گردی کی سخت الفاظ میں مذمت کی جس میں کم سے کم 57 افراد شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے، دونوں شخصیات نے پاکستانی حکومت اور عوام سے افسوس کا اظہار کیا۔

سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب ایمبیسڈر منیر اکرم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور پشاور مسجد میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، انہوں نے دہشتگردی کے واقعہ میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کے مطابق سیکرٹری جنرل انتونیوگوترین نے پشاور دھماکے کے بعد انہیں ٹیلی فون کر کے پشاور میں دہشتگردی کے المناک واقعے پر گہرے رنج کا اظہار کیا۔

ایمبیسڈر منیر اکرم سے بات کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ پشاور کو جانتے ہیں اور ان کے دورہ پاکستان کے دوران پشاور کے لوگوں نے گرمجوشی سے استقبال اور نہایت اچھا برتاؤ کیا تھا، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے ایمبیسڈر منیر اکرم کے ذریعے حکومت پاکستان، پاکستانی عوام بالخصوص پشاور کے شہریوں سے افسوس کا اظہار کیا۔

دریں اثناء سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے لکھا ہے کہ عبادتگاہیں دہشتگردوں کا نشانہ نہیں بلکہ جنت ہونی چاہیئں۔ نماز جمعہ کے دوران پشاور کی مسجد میں ہونے والی دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔

دوسری جانب تہذیبوں کے اتحاد سے متعلق اقوام متحدہ کے اعلیٰ نمائندے کے ترجمان میگوئل اینجل موراٹینوس نے پشاور میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، جس میں کم سے کم 57 افراد شہید جب کہ 100 سے زائد زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے خلاف اور مذہبی مقامات پر کسی بھی قسم کا تشدد و دہشتگردی بلاجواز اور ناقابل برداشت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات پر عبادت کرنے والوں کو تحفظ اور آزادی حاصل ہونی چاہیے، انہوں نے  زور دیا کہ تمام مذاہب اور عقائد کے درمیان باہمی احترام  کو فروغ دیا جانا چاہیے، انہوں نے مذہبی مقامات کے تحفظ کیلئے اقوام متحدہ کے ایکشن پلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام حکومتوں اور متعلقہ شراکت داروں کو اس ایکشن پلان پر عملدرآمد میں مدد اور تعاون کرنے کی ضرورت ہے۔

میگوئل اینجل موراٹینوس دنیا بھر کے نوجوانوں اور طبقات کو یو این اے او سی کی جانب سے ایکشن فار سیف ورشپ  میں حصہ لینے کی دعوت دی، انہوں نے اقوام متحدہ کے تہذیبوں سے متعلق اتحاد، اعلیٰ نمائندے  کی جانب سے پاکستانی حکومت اور عوام کے ساتھ گہرے رنج  کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

Comments are closed.