اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا پاک بھارت کشیدگی پر اظہارِ تشویش، تحمل اور سفارت کاری کی اپیل

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل، امن اور سفارت کاری کے راستے کو اپنانے کی اپیل کی ہے۔

ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ “پاک بھارت کشیدگی اس وقت خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے، دونوں ممالک کا اقوام متحدہ کے امن مشنز میں ہمیشہ اہم کردار رہا ہے”۔ انہوں نے حالیہ پہلگام واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ ہمدردی کیا۔

سیکرٹری جنرل نے واضح کیا کہ “شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے، اور اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا ملنی چاہیے”۔

انتونیو گوتریس نے زور دیا کہ “دونوں ممالک کو فوجی تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔ میری اپیل ہے: کوئی غلطی نہ کریں، کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں”۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ ہر اُس اقدام کی حمایت کے لیے تیار ہے جو کشیدگی میں کمی، سفارت کاری کے فروغ اور امن کے قیام کا باعث بنے۔

سیکرٹری جنرل کا بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے اور عالمی برادری کی نظریں جنوبی ایشیا پر جمی ہوئی ہیں۔

Comments are closed.