کورونا کے باعث پونے 3 کروڑ پاکستانی روزگار سے محروم، آمدن میں کمی کا شکار

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں کورونا کی وباء کے باعث مجموعی طور پر 2 کروڑ 73 لاکھ ملازمت پیشہ افراد بری طرح متاثر ہوئے۔

پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کورونا کے سماجی و اقتصادی اثرات کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی سروے کیا گیا، وبا کی وجہ سے پاکستان میں ملازمت پیشہ افراد کی آمدنی و روزگار بری طرح متاثر ہوا۔

سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق پاکستان میں مجموعی طور پر ملازمت پیشہ افراد کا 49 فیصد متاثر ہوا، کورونا سے متاثرہ ملازمت پیشہ افراد کی تعداد2 کروڑ 73 لاکھ سے زائد ہے، جن میں سے تقریباٍ ایک کروڑ افراد کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملازمتوں سے ہاتھ دھو بیٹھے یا انہیں ملازمت نہیں ملی۔ جب کہ 32 لاکھ40 ہزار سے زائد افراد کی تنخواہوں اور آمدن میں کمی ہوئی۔

وزارت منصوبہ بندی و ترقی کی جانب سے جمع کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا وبا کے باعث خیبرپختونخوا کے سماجی و اقتصادی شعبے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جہاں پر مجموعی طور پر 55 فیصد ملازمت پیش افراد بے روزگار ہوئے یا ان کی ماہانہ آمدن میں واضح کمی ہوئی۔

Comments are closed.