امریکہ نے سعودی عرب کو ساڑھے تین ارب ڈالر مالیت کے جدید ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دے دی

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ امریکی وزارت خارجہ نے سعودی عرب کو جدید ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً ساڑھے تین ارب ڈالر (3.5 بلین ڈالر) ہے۔

اس اہم دفاعی معاہدے میں ایک ہزار فضا سے فضا میں مار کرنے والے جدید میزائل اور 50 ‘AIM-120C-8 AMRAAM’ میزائل شامل ہیں، جو سعودی فضائی دفاعی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے میں مددگار ہوں گے۔

یہ معاہدہ ایریزونا میں قائم امریکی دفاعی ادارے ‘آر ٹی ایکس کارپوریشن’ کو تفویض کیا گیا ہے، جو اسلحہ کی تیاری اور فراہمی کا ذمہ دار ہوگا۔

پینٹاگون کے مطابق یہ اسلحہ ڈیل امریکی خارجہ پالیسی کے مقاصد، قومی سلامتی کی ترجیحات، اور خلیجی اتحادیوں کے دفاعی استحکام کو فروغ دینے کے لیے کی گئی ہے۔ اس معاہدے کا مقصد سعودی عرب میں سیاسی و معاشی استحکام کو مضبوط بنانا اور خلیج کے خطے میں امن و سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مارچ میں بھی امریکہ نے سعودی عرب کو گائیڈڈ ہتھیاروں کا ایک نظام فراہم کیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ کی قیادت میں امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان یہ ایک اور بڑی دفاعی پیش رفت ہے۔

مزید برآں، توقع ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے آئندہ غیر ملکی دورے کے دوران سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جس کے بعد وہ قطر اور متحدہ عرب امارات میں بھی قیام کریں گے۔

Comments are closed.