امریکا نے کویت کو 425 ملین ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی فروخت کی منظوری دے دی

واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے کویت کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام سے متعلق آلات اور معاون خدمات کی ممکنہ فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی لاگت کا تخمینہ 425 ملین ڈالر لگایا گیا ہے۔ یہ منظوری امریکا کی دفاعی پالیسی کے تحت مشرق وسطیٰ کے اتحادی ممالک کو درپیش خطرات کے پیش نظر دی گئی ہے۔

اس دفاعی معاہدے کے تحت کویت کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم کے مخصوص پرزے، تکنیکی معاونت، تربیت، لاجسٹک سپورٹ، اور متعلقہ خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس کا مقصد کویت کی فضائی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا اور ممکنہ میزائل حملوں سے بچاؤ کو مؤثر بنانا ہے۔

معاہدے کے لیے منتخب کنٹریکٹر معروف امریکی دفاعی کمپنی RTX Corp (سابقہ ریتھیون) ہو گی، جو پیٹریاٹ سسٹمز کی تیاری اور عالمی سطح پر سپلائی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق یہ فروخت خطے میں طاقت کے توازن کو متاثر نہیں کرے گی بلکہ کویت کی دفاعی ضروریات کو پورا کرے گی۔

کویت، جو کہ امریکا کا دیرینہ دفاعی اتحادی ہے، پیٹریاٹ سسٹم پہلے سے بھی استعمال کر رہا ہے، اور اس نئے معاہدے سے اس کے موجودہ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔

امریکی کانگریس کو اس مجوزہ فروخت سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اور حتمی منظوری کانگریس کی اجازت سے مشروط ہے۔

Comments are closed.