آرمی چیف سے امریکی کانگریسی وفد کی ملاقات — دفاعی تعاون اور آئی ٹی تربیت پر مفاہمتی یادداشت پر دستخط
راولپنڈی: امریکی کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، وفد کی قیادت کانگریس مین جیک برگمین نے کی، جبکہ تھامس سوزی اور جوناتھن جیکسن بھی وفد کا حصہ تھے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، اور دفاعی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی احترام، مشترکہ اقدار، اور اسٹریٹجک مفادات کی بنیاد پر دو طرفہ روابط کو مزید مضبوط بنانا وقت کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تربیتی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر بھی دستخط کیے گئے، جو دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی مہارت کے تبادلے کی راہ ہموار کریں گے۔
امریکی کانگریسی وفد نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کلیدی کردار کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔ وفد نے پاکستانی قوم کی ثابت قدمی اور اس کے اسٹریٹجک پوٹینشل کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔
علاوہ ازیں، امریکی وفد نے پاکستان کی خودمختاری کے لیے احترام کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیکیورٹی، تجارت، سرمایہ کاری، اور معاشی ترقی کے شعبوں میں وسیع البنیاد تعاون کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے وفد کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم اور متنوع بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ تعلقات باہمی مفادات اور قومی خودمختاری کے احترام پر مبنی ہوں گے۔
Comments are closed.