امریکہ اور یو اے ای کے درمیان 200 ارب ڈالر کے معاہدے، اتحاد ایئرویز نے بوئنگ سے 28 طیارے خریدنے کا اعلان کر دیا

واشنگٹن / ابوظہبی: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے  امریکہ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے درمیان 200 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے معاہدوں کا اعلان کیا ہے۔

ان معاہدوں میں بوئنگ، جی ای ایرو اسپیس اور اتحاد ایئرویز کے درمیان 14.5 ارب ڈالر کی ایک بڑی ڈیل بھی شامل ہے، جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے بھی کی ہے۔

اس ڈیل کے تحت ابوظہبی میں قائم اتحاد ایئرویز نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ 28 بڑے جیٹ طیارے بوئنگ سے خرید رہا ہے، جن میں جی ای ایرو اسپیس کے انجن نصب ہوں گے۔

اتحاد ایئرویز کے مطابق یہ معاہدہ ان کے بیڑے کو جدید تقاضوں اور عالمی نیٹ ورک کی ضروریات کے مطابق ڈھالنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ایئرلائن کا کہنا ہے کہ نئے طیارے 2028 سے اس کے فضائی بیڑے کا حصہ بننا شروع ہو جائیں گے۔ یہ فیصلہ نہ صرف اتحاد ایئرویز کے عالمی دائرہ کار کو وسعت دینے کا اشارہ ہے بلکہ امریکہ اور یو اے ای کے درمیان مستحکم تجارتی اور سفارتی تعلقات کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

تجارتی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تیزی سے فروغ پاتی ہوئی اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی علامت ہے اور عالمی ہوابازی صنعت کے لیے ایک مثبت اشارہ بھی ہے۔

Comments are closed.