پاکستان میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے پاکستانی طالب علموں کیلئے ویزہ سروس دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کر دیا گیا، دیگر کیٹگریز کے ویزوں کیلئے درخواستوں کی وصولی بھی جلد شروع ہونے کا امکان ہے۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ اورکراچی قونصلیٹ یکم اکتوبر سے پاکستانی طالب علموں کی ویزہ درخواستیں وصول کرنے کا عمل شروع کرےگا۔ سفارتخانے کی جانب سے جاری سے بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا اور پاکستان کے درمیان طلبہ کے تبادلے کی روایت پر فخر ہے۔
سفارتخانے کے شعبہ تعلقات عامہ کے ویب سائٹ پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی مختلف یونیورسٹیز اورکالجز میں تقریباً 8 ہزار پاکستانی طلبہ وطالبات پڑھتے ہیں اور امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند مزید پاکستانی طلبا کو خوش آمدید کہیں گے۔
تعلیمی ویزہ پاکستان میں امریکی مشن کی اولین ترجیح ہے اور طلبہ و طالبات کی ویزہ درخواستوں میں مدد اور بروقت فیصلے کیلئے بھرپور کوشش کی جائے گی، ترجمان کے مطابق گزشتہ کچھ ماہ کے دوران انسداد کورونا وائرس کے حوالے سے خصوصی انتظامات کیےگئے تاکہ امریکی مشن کے اہلکاروں اور ویزہ کے حصول کے لئے آنے والوں کی صحت اور وباء سے بچاؤ کو یقینی بنایا جا سکے۔
امریکی سفارتخانے کے ترجمان نے ویزہ حصول کے درخواستیں دینے والے طلبہ و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ عالمی وباء کے پیش نظر حفاظتی ماسک لازمی پہنیں اور سماجی فاصلے کو برقرار رکھیں۔ امریکی مشن جلد ہی باقی کیٹیگریز کے لئے ویزہ سروس بحال کرنے کے لئے پرامید ہے۔
Comments are closed.