چائنیز ویکسین لگوانے کے باعث بیرون ملک نہ جا سکنے والے افراد کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ حکومت نے ایسے افراد کو انسداد کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے مختلف ممالک کی جانب سے تسلیم نہ کی جانے والی ویکسین لگوانے والے افراد کو انسداد کورونا ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگانے کے حوالے سے غور شروع کر دیا ہے۔ کورونا ویکسین بوسٹر ڈوز سے متعلق ماہرین صحت سے رائے مانگ لی گئی، اس حوالے سے انٹرنیشنل پریکٹس کو بھی سامنے رکھا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان نے مختلف عالمی اداروں سے انسداد کورونا ویکسین کے بوسٹر شاٹس کے نتائج پر مبنی ڈیٹا مانگ لیا ہے، بین الاقوامی سطح پر رائج طریقہ کار اور عالمی اداروں کی جانب سے فراہم کردہ ڈیٹا سے مثبت نتائج ملنے پر بوسٹر ڈوز لگانے کا آغاز ہو گا۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کو کورونا بوسٹر ڈوز لگانے کی حکمت عملی متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار ہو گی، کورونا بوسٹر ڈوز سے لگانے، نہ لگانے کا فیصلہ رواں ہفتے متوقع ہے۔ واضح رہے کہ بیرون ممالک جانے والے افراد کی بڑی تعداد نے عالمی ادارہ صحت کی جانب سے منظور شدہ ویکسین کے بوسٹر شاٹس لگانے اور نادرا سرٹیفکیٹ اجراء کی اپیلیں کی ہیں۔
Comments are closed.