فرانس کے سکول میں تشدد کا واقعہ، طالب علم ہلاک

فرانس میں ایک اسکول کے باہر تشدد سے ایک پندرہ سالہ طالب علم کی ہلاکت کے بعد تعلیمی اداروں میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر ملک بھر میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ایک ہفتے کے دوران تشدد کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق پندرہ سالہ لڑکے کو اسکول کے باہر پہلے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا اور پھر اسے شدید زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر چار اور ساڑھے چار بجے کے درمیان پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ نوجوان کی موت جمعے کی صبح دل کی دھڑکن بند ہو جانے کی وجہ سے ہوئی۔ تاہم ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے نہیں آئی ہے۔

یہ واقعہ پیرس سے تقریباﹰ بیس کلو میٹر کی دوری پر واقع قصبے ویری شاٹیئوں میں پیش آیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ آور نقاب پوش تھے جن کی ابھی تک شناخت نہیں ہو پائی اور سلسلے میں سی سی ٹی وی فوٹیجز کا سہارا لیا جا رہا ہے۔

ویری شاٹیئوں کے میئر ژان ماری ویلین نے میڈیا کو بتایا کہ اس واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں تعلیمی اداروں میں تشدد کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ نگرانی کے لیے نصب کیمرے حملہ آوروں کی شناخت میں مددگار ثابت ہوں گے۔

تاہم ابھی تک اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.