پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر آ گیا ہے، تاہم دریائے ستلج میں درمیانے سے نچلے درجے کی سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پانی کی سطح میں نمایاں کمی ہو رہی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔
دریائے ستلج کی صورتحال
دریائے ستلج میں درمیانے سے نچلے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 83 ہزار کیوسک جبکہ سلیمانکی کے مقام پر پانی کا بہاؤ 81 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق پانی کی سطح میں بتدریج کمی آ رہی ہے۔
دریائے چناب کی صورتحال
دریائے چناب میں مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک، خانکی ہیڈ ورکس پر 29 ہزار کیوسک، قادر آباد پر 25 ہزار کیوسک اور ہیڈ تریموں پر 31 ہزار کیوسک ہے۔ یہ اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ چناب میں پانی کا بہاؤ اس وقت قابو میں ہے۔
دریائے راوی کی صورتحال
دریائے راوی میں بھی پانی کی سطح معمول پر ہے۔ جسڑ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 6 ہزار کیوسک، شاہدرہ میں 5 ہزار کیوسک، بلوکی ہیڈ ورکس میں 24 ہزار کیوسک اور ہیڈ سدھنائی پر 26 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
دیگر دریا اور ندی نالے
پنجند کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 11 ہزار کیوسک ہے جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی رود کوہیوں میں اس وقت کوئی بہاؤ موجود نہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بحالی اور ریلیف کی سرگرمیاں جاری ہیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
Comments are closed.