اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے جناح اسکوائر مری روڈ انڈر پاس کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں توسیع و تزئین کے وسیع منصوبے جاری ہیں، جن سے ٹریفک کے بہاؤ میں واضح بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اسلام آباد خوبصورتی کا گہوارہ بنے گا اور اجتماعی کوششوں سے پاکستان کا نام عالمی سطح پر مزید بلند ہوگا۔”
وزیراعظم نے بتایا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی نے یہ منصوبہ 60 دن کے بجائے صرف 35 دن میں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے، جس پر انہیں مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے کہا، “یہ نہ شہباز سپیڈ ہے اور نہ محسن نقوی سپیڈ، بلکہ یہ پاکستان سپیڈ ہے۔”
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حالیہ اقدامات سے معیشت میں بہتری آئی ہے اور پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ بلوچستان سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ “بلوچستان کا خونی ٹریک جس نے دو ہزار سے زائد جانیں لیں، اب اسے ہائی وے بنایا جائے گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں بلوچستان کا کوٹہ دگنا کر دیا گیا ہے تاکہ دور دراز علاقوں تک ترقی کے ثمرات پہنچیں۔ “پاکستان کی تکمیل تمام اکائیوں سے ہوتی ہے، اور تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا حکومت اور مسلح افواج کا مشترکہ وژن ہے،” انہوں نے زور دیا۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ دو سال میں 300 ارب روپے کی لاگت سے شاہراہ تعمیر کی جائے گی، جو اعلیٰ معیار کی حامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ٹیم پاکستان نے مشکلات کا سامنا کیا، اسی حوصلے سے ترقی کا سفر بھی طے کیا جائے گا۔
قبل ازیں، محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل مسجد چوک میں ٹریفک جام کا مسئلہ جلد حل کیا جائے گا، اسلام آباد کے چوک پوائنٹس پر کام جاری ہے، بلیو ایریا کا بند پارکنگ پلازہ بھی فعال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اور ٹریفک پولیس نے مشترکہ طور پر ٹریفک کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ہے، اور شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
Comments are closed.