بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہیں، جنگ کا خطرہ جوہری تباہی میں بدل سکتا ہے: بلاول بھٹو

اسلام آباد / لندن: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہے، تاہم کسی قسم کا تصادم پورے خطے کو جوہری جنگ کی تباہ کاریوں کی طرف دھکیل سکتا ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فضائیہ، بحریہ اور بری افواج ہمہ وقت تیار ہیں اور بھارت کی کسی بھی اشتعال انگیزی کا فوری اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے اور خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ضروری ہے، کیونکہ جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان تصادم پوری دنیا کے لیے سنگین نتائج کا باعث بن سکتا ہے۔ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ان کی خواہش ہے کہ حالات جنگ کی جانب نہ جائیں۔

بلاول بھٹو نے زور دیا کہ پہلگام واقعہ کی آزاد، شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کشیدگی کم کرنے کے لیے دونوں ممالک سے رابطے کر رہی ہے، اور پاکستان پرامن حل کا حامی ہے۔

سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اگر کشیدگی پر قابو نہ پایا گیا تو یہ محدود جھڑپوں سے بڑھ کر مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتی ہے، جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہوں گے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنا کردار ادا کریں تاکہ جنوبی ایشیا کو کسی بڑی تباہی سے بچایا جا سکے۔

Comments are closed.