لاہور: بھارتی جارحیت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آج (7 مئی 2025) کو پنجاب بھر کے تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے بھارتی حملے کو بزدلانہ اور قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت ہمارے ایمان اور میرے حلف کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین غازیوں اور شہداء کی امین ہے، اور آج رات معصوم شہریوں کا جو خون بہا، وہ ہم سب پر قرض ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلط کی گئی اس جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ایمرجنسی رسپانس کے فوری اقدامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے الرٹ رہیں۔
اپنے بیان کے اختتام پر وزیراعلیٰ نے قوم کا حوصلہ بلند کرتے ہوئے کہا: ’’کامیابی انشاء اللہ ہمارا مقدر ہو گی۔ نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر! پاکستان زندہ باد۔‘‘
یہ فیصلہ شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے پیش نظر کیا گیا ہے، جبکہ ایمرجنسی نافذ العمل رہے گی۔
Comments are closed.