وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور تریموں بیراج پہنچ کر سیلابی پانی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہیں سکاڈا کنٹرول روم میں سیلاب سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور اور ڈپٹی کمشنر علی اکبر نے آگاہ کیا کہ تریموں بیراج سے تاریخ کا سب سے بڑا ریلا گزرا۔ بروقت اقدامات کے باعث ملتان سمیت دیگر علاقے بڑے نقصان سے بچ گئے۔
آبادی اور مویشیوں کا انخلا
حکام نے بتایا کہ جھنگ میں سیلاب سے قبل دو لاکھ 98 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار مویشیوں کو بھی بروقت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ مویشیوں کے لیے چارہ اور ونڈا فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ 102 لائیو اسٹاک ورکرز گاؤں گاؤں جا کر مویشیوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجے میں مصروف ہیں۔
ریلیف کیمپ اور متاثرہ علاقے
بریفنگ کے مطابق جھنگ میں سیلاب متاثرین کے لیے 21 ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں جن میں تقریباً 750 متاثرہ افراد مقیم ہیں۔ سیلاب سے جھنگ کے 181 موضع متاثر ہوئے ہیں اور ریلیف آپریشن جاری ہے۔
وزیراعلیٰ کی ہدایات اور گفتگو
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے حکام کو ہدایت کی کہ آخری فرد تک ریسکیو آپریشن کا دائرہ وسیع کیا جائے اور متاثرین کی تلاش کے لیے ڈرون، تھرمل امیجنگ کیمرے اور جدید ٹیکنالوجی استعمال میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ جہاں بھی ضرورت ہے وہاں امداد پہنچائی جائے گی اور جھنگ کی محرومیاں دور کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ “آبادی کو سیلاب سے بچانا اور انسانی جانوں کو محفوظ رکھنا میری اولین ترجیح ہے، کسی بھی صورت میں انسانی زندگیوں کو خطرے میں نہیں ڈالنے دوں گی۔” مریم نواز نے کمشنر فیصل آباد، ڈپٹی کمشنر جھنگ اور پوری ٹیم کی محنت کو سراہا اور کہا کہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر فخر ہے۔
Comments are closed.