عمران خان کی رہائی کیلئے ورکرز کے جذبات جائز ہیں، عید سے پہلے رہائی کی امید ہے: بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے کارکنوں کا سوال اٹھانا درست ہے، اور پارٹی ان کے جذبات کی قدر کرتی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا کہ عمران خان جیسے قومی رہنما نے دو سال جیل میں کیوں گزارے۔

انہوں نے کہا کہ کارکن اپنے جذبات پر قابو رکھیں، پارٹی عمران خان کی رہائی کے لیے ہر ممکن قانونی اور سیاسی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے دھرنے دیے، احتجاج کیا، اور پارلیمنٹ کے اندر بھی آواز اٹھائی۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم اللہ کی عبادت کرتے ہیں، دعا کرتے ہیں، اور اللہ ہی راستہ نکالے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عمران خان عید سے پہلے رہا ہو جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ “مجھے امید ہے کہ کیس جلد فکس ہو جائے گا۔ ہمارے لوگ دو سال سے صبر کر رہے ہیں، ججز بھی فیصلے لکھتے لکھتے تھک گئے ہیں۔ ہم صرف اتنا چاہتے ہیں کہ عمران خان کے مقدمات میرٹ پر سنے جائیں اور منصفانہ فیصلے ہوں۔”

بیرسٹر گوہر کے اس بیان نے پارٹی کارکنوں میں نئی امید پیدا کی ہے جو مسلسل اپنے قائد کی رہائی کے لیے سرگرم ہیں۔

Comments are closed.