احساس پروگرام سرفہرست عالمی منصوبوں میں شامل، وزیراعظم کی ثانیہ نشتر کو مبارکباد

عالمی بینک نے احساس ہنگامی کیش پروگرام کو سماجی تحفظ کے چار سرفہرست عالمی پروگرامز میں شامل کر لیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احساس پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم  کیا جانا اہم سنگ میل ہے جس پر ثانیہ نشتر اور انکی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔

عالمی بینک کی کورونا وباء کے تناظر میں عالمی سماجی تحفظ پر مبنی “لیونگ پیپر” کے نام سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔ 18 مصنفین اور کئی معاونین کے اشتراک سے مرتب کردہ رپورٹ 650 صفحات پر مشتمل ہے، جس میں عالمی وباء کے دوران سماجی تحفظ کیلئے ممالک کے اقدامات کی منصوبہ بندی، اطلاق اور تکمیل کو جانچا گیا ہے۔

ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق سماجی تحفظ کے شعبے میں 20 مارچ 2020ء تا 14 مئی 2021ء کے دوران بہتری دیکھی گئی، دنیا کے 222 ممالک یا خطوں میں 3 ہزار 333 سماجی تحفظ اقدامات اٹھائے گئے،پاکستان سماجی تحفظ کی فراہمی میں چوتھے، آبادی کے تناسب کے لحاظ سے پانچویں نمبر پر ہے۔

 رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا احساس پروگرام بہترین منصوبہ بندی، کوریج کی بلحاظ حقیقی شرح، اعلی درجہ پر ہے، احساس پروگرام سماجی امداد کی صورت عالمی پروگرامز کا 55 فیصد احاطہ کرتا ہے،186 ممالک میں 734 نقد اقدامات کی منصوبہ بندی یا اطلاق کیا گیا۔

رپورٹ کے متن کے مطابق۔پاکستان کا احساس پروگرام نئے افراد کو ہنگامی مدد کی فراہمی کے لئے جدید ہائبرڈ طریقہ کار اپنایا گیا،احساس پروگرام نے 2020ء میں ملکی آدھی آبادی 1 کروڑ 50 لاکھ گھرانوں کو 12 ہزار روپے کیش دیا۔

دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ احساس پروگرام کو بین الاقوامی سطح پر  تسلیم کیا گیا ہے، یہ ملک کے لئے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے کے مترادف ہے جس پر معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ان کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

Comments are closed.