یمن کے حوثی باغیوں کا اسرائیل پر بڑا حملہ، بن گوریون ایئرپورٹ بند، 8 افراد زخمی

تل ابیب: یمن کے حوثی باغیوں نے اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب کے بین الاقوامی ہوائی اڈے بن گوریون پر میزائل حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا اور آٹھ افراد زخمی ہو گئے۔

اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز ایک بیان میں تصدیق کی کہ میزائل شکن دفاعی نظام نے میزائل کو روکنے کی کئی کوششیں کیں مگر وہ ناکام رہا۔ حملے کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ جائے وقوعہ پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ طبی ذرائع کے مطابق، حملے کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

العربیہ اور الحدث کے نمائندوں کے مطابق، میزائل حملے کے بعد تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں سائرن بجائے گئے اور شہریوں کو فوری طور پر پناہ گاہوں میں جانے کی ہدایت دی گئی۔ میزائل حملے کے باعث ایئرپورٹ کے تمام داخلی راستے بند کر دیے گئے اور ٹرین سروس بھی روک دی گئی۔

حوثی باغیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایک ٹی وی بیان میں حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے خبردار کیا کہ “بن گوریون ایئرپورٹ اب فضائی سفر کے لیے محفوظ نہیں رہا”۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ حملہ اسرائیل کی غزہ میں جاری جنگ اور ناکہ بندی کے خلاف ردِعمل ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ میزائل ہوائی اڈے کے اندر ایک رابطہ سڑک پر گرا، جس کے نتیجے میں ملبہ قریبی سڑکوں پر بکھر گیا۔ اسرائیلی حکام نے حملے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی ہے۔

یہ حملہ یمن سے اسرائیل پر جاری حملوں کے سلسلے کی تازہ کڑی ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔

Comments are closed.