یومِ تکبیر: پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل، قوم کا ملی جوش و جذبے سے اظہار

اسلام آباد: پاکستان کے ایٹمی طاقت بننے کے 27 سال مکمل ہونے پر قوم آج “یومِ تکبیر” قومی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہی ہے۔ 28 مئی 1998 کو پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں میں پانچ ایٹمی دھماکے کرکے دنیا کی ساتویں اور مسلم دنیا کی پہلی نیوکلیئر پاور ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔

ملک بھر میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے خصوصی تقریبات اور تقاریر کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں پاکستان کی دفاعی خودمختاری، قومی سلامتی اور سائنس و ٹیکنالوجی میں پیش رفت کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے قوم کو یومِ تکبیر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی طاقت کا حصول ایک دانشمندانہ فیصلہ تھا جو امن قائم رکھنے کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت ملک کی سلامتی اور خطے میں امن کی ضامن ہے، پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ پرامن بقائے باہمی اور عالمی قوانین کے احترام پر یقین رکھتا ہے۔ بھارتی جارحیت کے باوجود پاکستان نے ہمیشہ تزویراتی تحمل اور امن کے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر صرف ایٹمی طاقت کے مظاہرے کا دن نہیں بلکہ یہ دن قوم کے اتحاد، آزادی اور خودمختاری کے غیر متزلزل عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک مضبوط معاشی قوت بنا کر دنیا میں اس کا حقیقی مقام دلائیں گے۔

یومِ تکبیر نہ صرف پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک اہم سنگِ میل ہے بلکہ یہ دن ہر پاکستانی کو یاد دلاتا ہے کہ قومی خودمختاری کا تحفظ کسی بھی قوم کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔

Comments are closed.