مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے ایک خطاب میں نوجوانوں کو ملک کی ترقی اور قومی ذمہ داریوں کے حوالے سے نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی کے اقتدار کی ہوس کا ایندھن نہیں بننا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حسان نیازی، جو بانی پی ٹی آئی کے بھانجے اور وکیل ہیں، کو 10 سال قید کی سزا ہوئی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ان کے والدین پر کیا گزر رہی ہوگی، اور جب حسان نیازی 10 سال بعد جیل سے رہا ہوں گے تو دنیا مکمل طور پر بدل چکی ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ سیاسی مخالفت تہذیب کے دائرے میں رہ کر بھی کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے سوال کیا کہ کون ان کے لیے کام کر رہا ہے اور کون ان کی بربادی کا سامان کر رہا ہے، اس کا فیصلہ انہیں خود کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس رویے پر تنقید کی جس کے تحت بچوں کو کہا جاتا ہے کہ کسی سے اس کے والدین کو چھین لو۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاسی اختلاف کے لیے جناح ہاؤس کو جلانے، گرین بیلٹس کو آگ لگانے یا میٹروبس کے جنگلے توڑنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ دوسروں کے بچوں کو استعمال کرنے والے افراد کی حقیقت نوجوانوں کو پہچاننی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ جیل میں موجود افراد کے والدین کو راتوں میں نیند نہیں آتی ہوگی، اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ سنی سنائی باتوں پر یقین نہ کریں۔ مریم نواز نے کہا کہ جو لوگ ملک کی ترقی میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں وہ کسی کے ہمدرد نہیں ہو سکتے۔
انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ملک کے ساتھ وفادار رہیں، کیونکہ پاکستان کی ترقی تمام شہریوں کی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed.